ریاض (سعودی عرب):
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات نے کہا ہے کہ عرب ممالک میں پاکستانی کاروباری افراد کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ ان مواقع کو دوطرفہ تعاون اور مضبوط تعلقات کے ذریعے مزید فروغ دیا جا سکتا ہے، اور انہیں پائیدار بنیادوں پر استوار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
ریاض میں پاکستانی ایگزیکٹو فورم (PEF) اور پاک فنانس کے زیرِ اہتمام ایک بزنس میٹ اپ کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کاروباری افراد کے درمیان رابطوں اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کو یقینی بنانا تھا۔ تقریب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، چارٹرڈ اکاؤنٹنسی، اور تعمیرات سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیرمین پی ای ایف منیر احمد شاد اور صدر پاک فنانس نفر حسین سمیت دیگر شرکاء نے کہا کہ عرب ممالک

پاکستانی نوجوانوں کے کاروباری منصوبوں کی موثر مارکیٹنگ اور تیز رفتار ترقی کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی کاروباری افراد کو چاہیے کہ وہ باہمی روابط مضبوط کریں، تجربات کا تبادلہ کریں، اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید مستحکم اور پائیدار بنائیں۔ اس سے نہ صرف پاکستانیوں کے لیے نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ پاکستانی معیشت کے استحکام میں بھی مدد ملے گی